28 مئی ، 2025
واٹس ایپ کو طویل عرصے بعد آخرکار آئی پیڈ ٹیبلیٹ کے لیے باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا گیا ہے۔
میٹا کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ایپل کے آئی پیڈ ٹیبلیٹ کے لیے واٹس ایپ اب صارفین کو دستیاب ہے۔
آئی پیڈ میں صارفین اب واٹس ایپ پر 32 افراد کو آڈیو اور ویڈیو کالز کرسکیں گے، اسکرین شیئرنگ کرسکیں گے جبکہ فرنٹ اور بیک دونوں کیمروں کو استعمال کرسکیں گے۔
ابھی آئی پیڈ صارفین اگر واٹس ایپ کو استعمال کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ویب براؤزر پر میسجنگ پلیٹ فارم کا ویب ورژن استعمال کرنا پڑتا ہے۔
میٹا نے بتایا کہ صارفین واٹس ایپ کے آئی پیڈ او ایس کا فائدہ اٹھا کر ملٹی ٹاسکنگ فیچرز جیسے اسٹیج منیجر، اسپلٹ ویو اور سلائیڈ اوور استعمال کرسکیں گے۔
ان فیچرز سے صارفین متعدد ایپس بیک وقت دیکھنے، ویب براؤزنگ کرتے ہوئے میسجز بھیجنے یا دیگر کام کرسکیں گے۔
موبائل ایپ میں ان کاموں کو کرنے کے لیے واٹس ایپ کو بند کرنا پڑتا ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق اس نئی ایپ میں میجک کی بورڈ اور ایپل پینسل کو استعمال کرنا بھی ممکن ہوگا۔
صارفین کی جانب سے کافی عرصے سے آئی پیڈ کے لیے واٹس ایپ کی مختص ایپ کو متعارف کرانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
مختلف رپورٹس کے مطابق میٹا کی جانب سے آئی پیڈ کے لیے انسٹا گرام ایپ کو تیار کرنے کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے۔
آئی پیڈ کے لیے واٹس ایپ کو ایپل کے ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔