30 مئی ، 2025
دوحہ میں جاری ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی ویٹ لفٹرز کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان نے ایونٹ میں ایک اور گولڈ میڈل اور ایک برانز میڈل بھی جیت لیا۔
دوحہ میں ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ کے دوسرے روز پاکستان کے رشید خان نے 89 کلو گرام ویٹ کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا، وہ 50 سالہ ایتھلیٹس کے گروپ میں شریک تھے۔
رشید خان ٹوٹل 170 کلو وزن اٹھانے میں کامیاب رہے انہوں نے اسنیچ میں 80 کلو گرام جب کہ کلین اینڈ جرک میں 90 کلو گرام ویٹ اٹھا کر کامیابی حاصل کی۔
دوسری جانب پاکستان کے عبدالمالک نے برانز میڈل جیتا ہے، 51 سالہ عبدالمالک نے ٹوٹل 193 کلو گرام وزن اٹھایا۔ عبدالمالک نے اسنیچ ایونٹ میں 93 اور کلین اینڈ جرک میں 100 کلو گرام وزن اٹھایا۔
ایونٹ میں دو گولڈ اور ایک برانز میڈل کے ساتھ پاکستان کے تمغوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔
اس سے قبل ایونٹ کے پہلے روز مقصود راٹھور نے پاکستان کی جانب سے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔