30 مئی ، 2025
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ غزہ سیز فائر اور اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کا مجوزہ امریکی منصوبہ مسترد کردیں گے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر حماس عہدیدار کا کہنا تھا غزہ سیز فائر اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے امریکا کی جانب سے تجویز کردہ منصوبہ جنگ کے خاتمے سمیت بنیادی مطالبات کو پورا نہیں کرتا اس لیے اسے مسترد کر دیں گے۔
سینئرحماس عہدیدار نے کہا کہ حماس کی جانب سے امریکی مجوزہ منصوبے پرباضابطہ ردعمل آنے والے دنوں میں دیاجائےگا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا نے غزہ کے لیے 60 دن کی جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے، منصوبےکے تحت پہلے ہفتے 10 اسرائیلی یرغمالی اور 18لاشیں اسرائیلی حکام کے حوالے کی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ امریکی منصوبے کے تحت جواب میں اسرائیل عمرقید والے 125 فلسطینی قیدی رہا کرے گا جبکہ اسرائیل 7 اکتوبر کے بعد گرفتار 1100 سے زائد فلسطینیوں کو بھی رہا کرے گا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مجوزہ امریکی منصوبے کے تحت باقی اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی مستقل جنگ بندی کے نفاذ کے بعد ہوگی۔
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس نےکل کہا تھا اسرائیل نے مجوزہ امریکی منصوبے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔