Time 30 مئی ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

چینی کمپنی کے بار بار استعمال ہونیوالے خلائی راکٹ کی کامیاب آزمائش

چینی کمپنی کے بار بار استعمال ہونیوالے خلائی راکٹ کی کامیاب آزمائش
راکٹ کا تجربہ 29 مئی کی صبح کیا گیا تھا / رائٹرز فوٹو

چین نے ایک اور خلائی سنگ میل اپنے نام کرلیا ہے۔

چینی کی نجی کمپنی اسپیس ایپوک نے قابل استعمال راکٹ کی تیاری میں اہم پیشرفت کی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اس نے راکٹ کی آزمائشی پرواز کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

اس راکٹ کا مقصد اسپیس ایکس کے فالکن 9 جیسے قابل استعمال راکٹ کا چینی ورژن تیار کرنا ہے۔

چین کی جانب سے خلائی تسخیر کے لیے کافی کام کیا جا رہا ہے، خلائی سیاحت، انفرا اسٹرکچر اور کھوج وغیرہ کے لیے بار بار استعمال کیے جانے کی صلاحیت رکھنے والے راکٹوں کا کردار بہت اہم ثابت ہوگا۔

اسپیس ایپوک نے بتایا کہ Yuanxingzhe 1 نامی راکٹ کو 29 مئی کی صبح ساڑھے 4 بجے مشرقی صوبے شان ڈونگ سے لانچ کیا گیا۔

یہ راکٹ اوپر کی جانب گیا اور منزل پر پہنچنے کے بعد کچھ دیر بعد انجن بند ہو گیا اور دوبارہ اس وقت چلنا شروع ہوا جب راکٹ واپس Yellow Sea کے قریب پہنچا۔

کمپنی نے بیان میں بتایا کہ فلائٹ ریکوری ٹیسٹ کی کامیابی بار بار استعمال ہونے والے لیکوئیڈ راکٹوں کی تیاری کے لیے بہت اہم پیشرفت ہے۔

راکٹ نے 125 سیکنڈ تک پرواز کی اور سطح سے 2.5 کلومیٹر کی بلندی تک گیا۔

اس راکٹ نے عمودی ٹیک آف کیا اور عمودی لینڈنگ میں بھی کامیابی حاصل کی۔

ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے ایک دہائی قبل ہی ایسا راکٹ فالکن 9 متعارف کرایا تھا مگر اب تک کوئی بھی چینی کمپنی اس میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔

اسپیس ایپوک کی جانب سے راکٹ کی اولین کمرشل پرواز رواں سال کسی وقت روانہ کی جائے گی مگر اب تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

اس سے قبل گزشتہ سال چینی کمپنی لینڈ اسپیس نے چین کے پہلے ان فلائٹ انجن reignition کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

مزید خبریں :