03 جون ، 2025
واٹس ایپ نے باضابطہ طور پر متعدد پرانے آئی فونز اور اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے لیے سپورٹ ختم کردی ہے۔
آسان الفاظ میں اب ان پرانے فونز میں واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن نہیں رہا۔
اس کا اطلاق یکم جون سے ہوا ہے اور اگر آپ 2014 سے قبل کے آئی فون یا اینڈرائیڈ فون استعمال کر رہے ہیں تو واٹس ایپ کو استعمال نہیں کرسکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اب واٹس ایپ کو صرف ایسے آئی فونز میں استعمال کیا جاسکتا ہے جو آئی او ایس 15.1 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرتے ہیں۔
اسی طرح اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر یہ میسجنگ ایپ ان فونز پر استعمال کی جاسکتی ہے جن میں اینڈرائیڈ 5 یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹمز موجود ہوں گے۔
ویسے اس پابندی کا اطلاق 5 مئی 2025 سے ہونا تھا مگر ایپل کی جانب سے ایک اپ ڈیٹ کی گئی تھی تاکہ پرانے آئی فونز کے صارفین اس تبدیلی کے لیے تیار ہوسکیں۔
یکم جون سے آئی فون 5 ایس، آئی 6، آئی فون 6 ایکس، گلیکسی ایس 3، ایچ ٹی سی ون ایکس اور سونی ایکسپیریا زی میں واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن نہیں رہا۔
کچھ رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ آئی فون 6 ایس، آئی فون 6 ایس پلس اور آئی فون ایس ای (فرسٹ جنریشن) میں بھی واٹس ایپ کا استعمال ممکن نہیں ہوگا مگر 9 ٹو 5 میک کے مطابق یہ ماڈلز آئی او ایس 15.8.4 پر کام کرتے ہیں، تو ان میں ایک یا 2 سال تک مزید واٹس ایپ کو استعمال کیا جاسکے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے یوزر انٹرفیس اور پرائیویسی سیٹنگز کو مسلسل بہتر کیا جاتا ہے، جس کے لیے ایسے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں جو ایپل اور اینڈرائیڈ کے تازہ ترین آپریٹنگ سسٹمز سے مطابقت رکھتے ہوں۔
یہی وجہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے پرانے آپریٹنگ سسٹمز کے لیے سپورٹ اکثر ختم کر دی جاتی ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہر سال ہم دیکھتے ہیں کہ کونسی ڈیوائسز اور سافٹ وئیر پرانے ہیں اور ان کے صارفین کی تعداد بہت کم ہے، ان ڈیوائسز میں تازہ ترین سکیورٹی اپ ڈیٹس بھی نہیں ہوتیں یا ایسے فنکشنز کی کمی ہوتی ہے جو واٹس ایپ کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
ویسے تو اس نئی تبدیلی سے نئے آئی فونز یا اینڈرائیڈ فونز استعمال کرنے والے متاثر نہیں ہوں گے۔
مگر اب بھی ایسے افراد کی کمی نہیں جو پرانے فونز استعمال کرتے ہیں۔
ایک تخمینے کے مطابق اب بھی ایک فیصد کے قریب اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز ان پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرتے ہیں۔