Time 06 جون ، 2025
پاکستان

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد کے ظہرانے میں بطورمہمانِ خصوصی شرکت، محمد بن سلمان نے انکی گاڑی خود ڈرائیو کی

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد کے ظہرانے میں بطورمہمانِ خصوصی شرکت، محمد بن سلمان نے انکی گاڑی خود ڈرائیو کی
ملاقات میں دونوں ملکوں کے دیرینہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر بات چیت کی— فوٹو: سعودی میڈیا

وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے منیٰ پیلس میں ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں بطورمہمانِ خصوصی شرکت کی۔

سعودی ولی عہد کی جانب سے وزیراعظم شہبازشریف کا خصوصی استقبال کیا گیا اور ولی عہد محمد بن سلمان خود گاڑی چلاکر وزیراعظم کو ظہرانے میں شرکت کے لیے لے کر گئے۔

ظہرانے کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی۔

ظہرانے میں مشرق وسطیٰ کے اہم رہنماؤں، سعودی کابینہ، سول اور عسکری قیادت شریک ہوئی۔

وزیراعظم کا مہمان خصوصی ہونا دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات اور پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کا مظہر ہے۔

پاکستان اور سعودیہ کا اسٹریٹیجک شراکت کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

سعودی میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات بھی کی، منیٰ پیلس میں ہونے والی ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

سعودی میڈیا نے بتایاکہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارک باد دی اور  سعودی مہمان نوازی کی تعریف کی جبکہ انہوں نے عازمین حج اور حرمین شریفین کی خدمت پرسعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف اورسعودی ولی عہد نے دوطرفہ تعلقات مزیدگہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور برادرانہ تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے بھارتی جارحیت پرپاکستان کی ذمہ دارانہ پالیسی کو اجاگر کیا اور پاک بھارت کشیدگی میں سعودی عرب کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بات چیت سے ممکن ہے۔

ملاقات میں پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مزید بلند کرنے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات میں غزہ کی صورتحال پرتفصیلی گفتگو کی گئی اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی حمایت کی گئی۔

وزیراعظم نےسعودی ولی عہد کوپاکستان کےدورےکی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے سیاسی، اقتصادی اورسکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :