Geo News
Geo News

Time 06 جون ، 2025
دنیا

ٹرمپ پاک بھارت جنگ بندی پر مسلسل بات کررہے ہیں اور مودی کی آواز نہیں نکل رہی: راہول گاندھی

ٹرمپ پاک بھارت جنگ بندی پر مسلسل بات کررہے ہیں اور مودی کی آواز نہیں نکل رہی: راہول گاندھی

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کا ایک بار پھر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر وار۔

راہول گاندھی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پاک بھارت جنگ بندی سے متعلق مسلسل بات کررہے ہیں اور نریندر مودی کی آواز نہیں نکل رہی، وجہ یہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ سچائی بیان کررہے ہیں۔

راہول گاندھی نے کہا کہ امریکی صدر 11 مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے مودی کو جنگ بندی پر مجبور کیا لیکن  نریندر مودی چوں بھی نہیں کرپارہے، وہ یہ نہیں کہہ پارہے کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہے رہیں۔

راہول گاندھی نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ امریکی صدر جو کہہ رہے ہیں وہ حقیقت ہے۔

خیال رہےکہ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ پاکستان اور بھارت کےدرمیان جنگ بندی کی بات ایک درجن بار دہراچکے ہیں۔

ہر بار یہ بات سن کر مودی سرکارسیخ پا ہوجاتی ہے اور ساتھ ہی بھارتی حزب اختلاف کانگریس کو مودی کا مذاق اڑانےکا پھر موقع مل جاتا ہے۔

گزشتہ دنوں بھی راہول گاندھی نے بھوپال میں ریلی سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس والوں کو اچھی طرح جانتا ہوں، ان پر تھوڑا دباؤ ڈالو یہ ڈر کر بھاگ جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیسے اُدھر سے ٹرمپ نے ایک اشارہ کیا اور کہا کہ مودی جی کیا کر رہے ہو؟ نریندر سرینڈر اور مودی جی نے جی حضور کہہ کر اشارے کی تعمیل کردی۔