15 جون ، 2025
ایران نے ایک دفعہ پھر اسرائیل کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر 100سے زائد میزائل اور متعدد ڈرونز سے نیا حملہ کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی اسرائیل اور ساحلی شہر حیفہ میں میزائل گرے اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ایرانی سرکاری ٹی وی نے بتایاکہ میزائلوں اور ڈرونز سے اسرائیل میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خیبر میزائلوں سے حیفہ اور تل ابیب کو نشانہ بنایا جبکہ اسرائیل پر بدر اور عماد میزائل بھی داغے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پہلے حملے کے کچھ گھنٹوں بعد ایران نے ایک بار پھر بڑی تعداد میں میزائل بھیجے جن میں سے کئی میزائل تل ابیب میں گرے جس سے جانی اور مالی نقصان ہوا۔
اسرائیلی میڈیا نے بھی تل ابیب، حیفہ اورتامرا بستی میں ایرانی میزائل گرنے کی تصدیق کی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی حملوں میں 4 خواتین سمیت 8 اسرائیلی ہلاک ہوگئے اور 200 سے زائد زخمی ہیں جبکہ 35 افراد لاپتہ ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق میزائلوں حملوں کے سائرن بجنے کے بعد اسرائیلی شہریوں کو بنکرز میں جانے کی ہدایات دی گئیں۔