Time 16 جون ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

ایک سوال کا جواب دینے کیلئے چیٹ جی پی ٹی کتنا پانی اور بجلی خرچ کرتا ہے؟

ایک سوال کا جواب دینے کیلئے چیٹ جی پی ٹی کتنا پانی اور بجلی خرچ کرتا ہے؟
چیٹ جی پی ٹی کو روزانہ کروڑوں افراد استعمال کرتے ہیں / فائل فوٹو

دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کرتے ہیں۔

مگر کیا آپ نے کبھی سوچا کہ ایک سوال کا جواب دینے کے لیے یہ مقبول اے آئی چیٹ بوٹ کتنی بجلی اور پانی خرچ کرتا ہے؟

اس سوال کا جواب اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سام آلٹمین نے گزشتہ دنوں ایک بلاگ پوسٹ میں دیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چیٹ جی پی ٹی صارف کے ایک سوال کا جواب دینے کے لیے اوسطاً 0.000085 گیلن پانی یا ایک چائے کے چمچ کے 1/15 حصے کے برابر پانی خرچ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے اکثر پوچھا جاتا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی کی جانب سے ایک سوال کا جواب دینے کے لیے کتی بجلی خرچ کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اوسطاً ایک سوال کا جواب دینے کے لیے چیٹ جی پی ٹی 0.34 واٹ آور بجلی خرچ کرتا ہے، یعنی اتنی بجلی جو ایک اوون ایک سیکنڈ میں خرچ کرتا ہے یا توانائی کی بچت کرنے والے بلب چند منٹوں میں خرچ کرتے ہیں۔

البتہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ بجلی اور پانی کے اعداد و شمار کا تعین کیسے کیا گیا۔

مگر جب اس حقیقت کو ذہن میں رکھا جائے کہ اوپن اے آئی کے ماہانہ صارفین کی تعداد کروڑوں میں ہے اور وہ روزانہ لاکھوں کروڑوں سوالات اے آئی چیٹ بوٹ سے پوچھتے ہوں گے تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پانی اور بجلی کا کتنا خرچہ ہوتا ہوگا۔

اس سے قبل اپریل 2025 میں سام آلٹمین نے بتایا تھا کہ اگر آپ چیٹ جی پی ٹی سے گفتگو کے دوران مختلف الفاظ جیسے پلیز اور تھینک یو استعمال کرتے ہیں، تو یہ الفاظ اوپن اے آئی کو بہت مہنگے پڑتے ہیں۔

ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں ایک صارف نے سوال پوچھا تھا کہ اوپن اے آئی کو لوگوں کی جانب سے پلیز اور تھینک کہنے پر بجلی کے اخراجات پر کتنا خرچہ کرنا پڑتا ہے۔

اس کا جواب دیتے ہوئے سام آلٹمین نے انکشاف کیا کہ کمپنی کو ان جملوں پر لاکھوں کروڑوں ڈالرز کا خرچہ بجلی کی مد میں کرنا پڑتا ہے۔

سام آلٹمین نے کوئی واضح جواب تو نہیں دیا مگر انہوں نے عندیہ دیا کہ یہ رقم اس سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔

مزید خبریں :