16 جون ، 2025
راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 2 مختلف آپریشنز میں 5 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کے پی میں 2 مختلف آپریشن کیے جہاں ایک آپریشن شمالی وزیرستان اور دوسرا پشاور میں کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیور ٹی فورسز کے 2 مختلف آپریشنز کے نتیجے میں 5 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک کردیے گئے جن میں سے ایک شمالی وزیرستان میں ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائی کی، ہلاک ہونے والے خوارج دہشتگردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خوارجیوں میں حارث اور بصیربھی شامل تھے، بھارتی حمایت یافتہ خوارجیوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔