Time 22 جون ، 2025
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ میں اے آئی پر مبنی 2 بہترین فیچرز کا اضافہ

واٹس ایپ میں اے آئی پر مبنی 2 بہترین فیچرز کا اضافہ
یہ فیچرز صارفین کے لیے بہت مددگار ثابت ہوں گے / فائل فوٹو

میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جو صارفین کو میسجز تحریر، ایڈٹ اور ریپلائی کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

رائٹنگ ہیلپ نامی فیچر میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا صارفین کا ڈیٹا ان کی ڈیوائس تک محدود رہے یا یوں کہہ لیں کہ کمپنی کو اس تک رسائی نہ ملے۔

اس فیچر کا مقصد بہت سادہ ہے اور وہ یہ ہے کہ واٹس ایپ کمیونیکیشن کو زیادہ اسمارٹ، برق رفتار اور فطری بنایا جاسکے۔

یعنی اگر آپ کو کسی میسج کو تحریر کرتے ہوئے درست الفاظ کا انتخاب کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، جلد بازی میں ریپلائی کر رہے ہیں یا بس یہ چاہتے ہیں کہ آپ کا میسج زیادہ اچھا نظر آئے ، تو یہ نیا فیچر رئیل ٹائم میں مدد فراہم کرے گا۔

دیگر اے آئی اسسٹنٹس جو کلاؤڈ پراسیسنگ پر انحصار کرتے ہیں، ان کے برعکس اس نئے فیچر کو آن ڈیوائس انٹیلی جنس کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جا رہا ہے۔

آسان الفاظ میں آپ کے میسجز تجزیے کے لیے کسی باہری سرور کو نہیں بھیجے جائیں گے بلکہ تجزیے کا پورا عمل ڈیوائس کے اندر مکمل ہوگا۔

یہ فیچر ابھی واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن کا حصہ بنایا گیا ہے اور وہاں بھی محدود افراد کو دستیاب ہے۔

اسی طرح ایک اور اے آئی فیچر بھی واٹس ایپ کے بیٹا ورژن کا حصہ بنایا گیا ہے جو صارفین کو ان میسجز کی سمری فراہم کرے گا جو انہوں نے پڑھے نہیں ہوں گے۔

زیادہ اہم بات یہ ہے کہ یہ پورا عمل پرائیویٹ ہوگا اور جب فیچر ان ایبل ہوگا تو صارفین کو ایک بٹن اس وقت نظر آئے گا جب انہیں مخصوص تعداد میں نئے میسجز موصول ہوں گے۔

یہ فیچر مکمل طور پر آپشنل پوگا اور صارفین اپنی مرضی سے اسے ان ایبل یا ڈس ایبل کرسکیں گے۔

مزید خبریں :