24 جون ، 2025
کراچی: ایران اسرائیل جنگ بندی کے اعلان کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی آگئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج منگل کے روز کاروبار کا مثبت رجحان دیکھنے کو ملا اور 100 انڈیکس 5878 پوائنٹس اضافے سے 122045 کی سطح پر پہنچ گیا۔
اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 5 فیصد اضافے کے بعد کاروبار روک وقتی طور پر روک دیاگیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث 100 انڈیکس میں کاروبار منفی رہا تھا اور انڈیکس 3855 پوائنٹس کم ہوکر 116167 پربند ہوا تھا۔
تاہم منگل کی علی الصبح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا جس کی تصدیق صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نے بھی کی ہے۔
پاکستان وقت کے مطابق ایران نے صبح 9 بجے سے جنگ بندی پر عملدرآمد شروع کردیا ہے اور اسرائیل نے بھی اپنی فضائی حدود کھول دی ہے۔
اس کے علاوہ امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے فریقین سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔