31 مارچ ، 2013
کراچی…نیشنل بینک نے گروپ ”بی“ میں اپنی فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے اسٹریٹ اوے آل پاکستان شہید بے نظیر بھٹو فٹبال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ مستحکم کرلی جبکہ گروپ ”سی“ میں پا ک پی ڈبلیو ڈی دو فتوحات کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کرلی۔ ڈی ایف اے نوابشاہ اور ڈی ایف اے کوئٹہ کو اپنے پہلے ہی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پیر کو ساوٴتھ اور نوابشاہ جبکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ اور کوئٹہ مدمقابل ہونگی۔دریں اثناء ڈاکٹرمحمد علی شاہ فٹبال اسٹیڈیم کورنگی پر کراچی ککرز فٹسال ٹورنامنٹ کے فائنل میں اولڈ فائٹر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی چمپئن برما محمڈن کو ٹائی بریکر پر 5-4سے شکست دے کر فاتح ٹرافی سابق ایم پی اے سید خالد احمد سے وصول کی۔ اس موقع پر آرگنائزنگ سیکریٹری قمر یار خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں بے نظیر بھٹو فٹ بال اسٹیڈیم میں جاری پہلا آل ملیر استاد غلام حسین گبول یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ میں چار کوارٹر فائنل میچوں کا فیصلہ ہوگیا ۔کھیلے گئے پہلے کوارٹر فائنل میں بخاری الیون نے مد مقابل حمایتی الیون کو4-0سے زیر کرکے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ،دوسرے کوارٹر فائنل میں اسماعیل میموریل نے سخت مقابلے کے بعد نذیر محمڈن کو 1-0سے شکست دیکر سیمی فائنل کھیلے کا اعزاز حاصل کیا ۔تیسرے میچ میں ملیر کی معروف ٹیم ملیر شاہین نے مضبوط حریف مہران اسپورٹس کو 2-1سے ہرا دیا جبکہ تیسرے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں کورنگی بلوچ نے ایک سخت مقابلے کے بعد محفوظ الیون کو 2-0سے شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔