دنیا
06 اپریل ، 2013

ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے سعید شیخ دوسری مدت کیلئے صدر منتخب

ہیوسٹن…راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ جنگ… کمیونٹی کے سرگرم اور ممتاز رہنماء سعید شیخ دوسری مدت کیلئے بھی ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مقامی ریسٹورینٹ میں ایسوسی ایشن کی طرف سے منعقدہ دوسرے سالانہ اجلاس اور انتخابی عمل میں کامیابی کے بعد نئی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا۔ رکن سٹی کونسل اینڈریو برکس نے بحیثیت مہمان خصوصی نومنتخب عہدیداروں سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔ سعید شیخ اور ان کی کابینہ کی طرف سے اپنے پہلے دو سالہ دور میں انجام دی گئی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ الیکشن کمشنر راشد کھوکھر نے نومنتخب عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا جن میں صدر سعید شیخ‘ نائب صدر محمد ظہیر‘ جنرل سیکرٹری عمر خواجہ‘ خازن اعظم اختر شامل تھے جبکہ نومنتخب ڈائریکٹرز میں سابق رکن سٹی کونسل مسرور جاوید خان‘ سید نیر اظفار‘ کرسٹل مونٹینز‘ ڈیوڈ گاڈون اور ناصر خان شامل تھے۔ کمیٹی چیئر کے ارکان میں بطور کمیونٹی کروس اور میڈیا امور الیاس چودھری‘ تعلقات عامہ خالد قاضی‘ نشر و اشاعت عامہ مقصود خان اور ٹریڈ و کامرس مطلوب خان نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اُٹھایا۔ قبل ازیں اجلاس میں سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے سعید شیخ نے کہاکہ یہ بات باعث افتخار ہے کہ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن گزشتہ دوسالوں میں تمام سسٹر سٹی ایسوسی ایشنز میں کارکردگی کے لحاظ سے سرفہرست رہی اور اس نے ہیوسٹن اور کراچی کے درمیان مختلف سرگرمیوں کے اشتراک میں اہم کردار ادا کیا جس سے دونوں شہروں کو مزید قریب لانے میں مدد ملی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایسوسی ایشن کی طرف سے الائنس آف پاکستان فلڈ ریلیف کی کاوشوں کی بھی قیادت کی گئی اور گرانقدر ایوارڈ کی مستحق ٹھہری۔ انہوں نے کہاکہ ایسوسی ایشنن نے دونوں شہروں کے درمیان صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے معاہدوں میں بھی اہم کردار ادا کیا اور خصوصاً دونوں شہروں کے درمیان تعلیمی شعبے میں اشتراک عمل کو بھی یقینی بنایا۔ اس موقع پر رکن سٹی کونسل اینڈریو برکس نے ایسوسی ایشن کی خدمات کو سراہا۔

مزید خبریں :