16 اپریل ، 2013
ٹوکیو…عرفان صدیقی …انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے اعلیٰ ترین حکام کی 12 رکنی ٹیم جاپان کے شہر فکوشیما میں تباہ ہونے والے ایٹمی پلانٹ کی تحقیقات کے لیے جاپان پہنچ گئی ہے جہاں وہ مذکورہ ایٹمی پلانٹ کی تباہی کی وجوہات پر رپورٹ تیار کرے گی۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے وفد کو جاپان کے دورے کی دعوت حکومت جاپان نے دی تھی۔ جاپانی میڈیا رپورٹ کے مطابق فکوشیما ایٹمی پاور پلانٹ میں مستقل تابکار پانی کے اخراج اور ایٹمی مواد کے خارج ہونے سے عوام کے اعتماد کو زبردست ٹھیس پہنچی ہے ، جاپانی حکام کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی ٹیم جاپانی حکومت اور ٹوکیو الیکٹر ک پاور کمپنی سے الک الگ مذاکرات کرے گی جبکہ ایٹمی پاور پلانٹ کا دورہ بھی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی ٹیم کی آٹھ روزہ مصروفیات میں شامل ہے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کا یہ تیسرا دورہ جاپان ہے اور یہ ایک ایسے وقت میں کیا جارہا ہے جب جاپان کے ایٹمی ماہرین فکوشیما پاور پلانٹ سے تابکار پانی کے اخراج کو روکنے میں ناکام نظر آرہے ہیں ۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی 22 اپریل کو اپنے دورے کی حتمی رپورٹ جاپانی حکومت کو پیش کرے گی ۔