پاکستان
17 اپریل ، 2013

عدالتی حکم کی آڑ میں رینجرز نے پرامن علاقوں سے بھی بیریئرز ہٹا دیئے، الطاف حسین

عدالتی حکم کی آڑ میں رینجرز نے پرامن علاقوں سے بھی بیریئرز ہٹا دیئے، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے نوگو ایریاز کے خاتمے کے حکم کی آڑ میں رینجرز نے کراچی کے پرامن علاقوں سے ان بیریئرز کو بھی ہٹا دیاہے جو اہل محلہ کے بزرگوں کی اجازت سے نصب کئے گئے تھے جس کے باعث ان علاقوں میں دوبارہ سے خواتین سے پرس، زیورات ، موبائل فون چھیننے اور پرامن علاقوں میں گھس کر بھتہ لینے اور اسلحہ کے زور پر چوری چکاری کے واقعات میں بیحد اضافہ ہوگیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کے روزخورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ الطاف حسین نے کہاکہ چوری چکاری، لوٹ مار کی وارداتوں سے تحفظ کیلئے کراچی کے پرامن علاقوں میں اہلِ محلہ اور بزرگوں کی اجازت اور تعاون سے بیریئرز لگائے گئے تاہم رینجرز کی جانب سے پرامن علاقوں سے ان بیریئرز کو ہٹانے اور چوری چکاری کی وارداتوں میں اضافے کے باعث شہر کے تمام پرامن شہری انتہائی پریشان ، خوفزدہ اور سہمے سہمے رہنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے نگراں حکومت سے کہاکہ وہ فی الفور حکومتی سطح پر رینجرز ، پولیس کے علاوہ اعلیٰ حکام اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل ایک سیل تشکیل دے جہاں اہل محلہ اور عوام اپنی مدد آپ کے اصول کے تحت جرائم پیشہ عناصر کو اپنے علاقوں میں داخلے سے روکنے کیلئے بیریئرز لگانے کے اجازت نامے حاصل کرسکیں جبکہ اس سیل کے اراکین جس محلے سے بیریئرز لگانے کی درخواست موصول ہو وہاں جاکرخود بھی تصدیق کرسکتے ہیں ۔ الطاف حسین نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر سے شہریوں کے تحفظ کے لئے بیریئرز لگانے کے مطالبے کو پورا کرنے کیلئے جلد از جلد اقدامات کئے جائیں اور شہریوں کو خوف و ہراس کے ماحول سے نجات دلائی جائے ۔ دریں اثناء الطاف حسین نے چارسدہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما فاروق خان کی گاڑی کودہشت گردوں کی جانب سے ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہاکہ اے این پی ، ایم کیوایم سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور امیدواروں کو دہشت گردوں کی جانب سے تسلسل کے ساتھ نشانہ بنایاجارہا ہے اور پرامن انتخابی ماحول کو سبوتاژ کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردجس طرح سے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو نشانہ بنا رہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ ملک میں عام انتخابات کا انعقاد نہیں چاہتے ہیں ۔ انہوں نے چارسدہ میں ریمورٹ کنٹرول بم حملے میں زخمی ہونے والے اے این پی کے رہنما فاروق خان اور دیگر افراد سے دلی ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے ان کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے صدرآصف علی زرداری ، وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو، نگران وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب اور نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ سے مطالبہ کیا کہ اے این پی کے رہنما فاروق خان کی گاڑی کو ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنانے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور انتخابی عمل میں رکاوٹ بننے والے دہشت گرد عناصر کے خلاف فی الفور سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

مزید خبریں :