17 اپریل ، 2013
کراچی…پیپلزپارٹی نوابشاہ کے سابق یوتھ ونگ جنرل سیکریٹری اعجاز علی لغاری کی سربراہی میں متعدد ذمہ داران و کارکنان کے ایک وفد نے قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے ملک بھر کی مظلوم قومیتوں کے حقوق کی عملی جدوجہد سے متاثر ہوکر متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کنور خالد یونس اور ارشاد کمالی سے ملاقات کے دوران کیا ۔وفد میں پرویز علی لغاری ، خادم حسین راجپر ، بلاول علی راجپر ، غلام رسول ہنگورو اور دیگر شامل تھے جبکہ اس موقع پر متحدہ سوشل فورم کے انچارج لونگ خان چنہ اور جوائنٹ انچارج احمد سلیم صدیقی بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں وفد کے ارکان نے رابطہ کمیٹی ارکان سے گفتگو میں اپنے جذبات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ الطاف حسین نے تمام تر نامساعد ، کٹھن اور مشکلات حالات کے باوجود ملک بھر کی مظلوم قومیتوں کے حقوق کے حصول کی مخلصانہ جدوجہد جاری رکھ ثابت کردیا ہے کہ وہ مظلوموں کے نجات دہندہ ہیں اور اب نام نہاد سیاسی ومذہبی جماعتوں کے جھوٹے وعدوں اورنعروں سے مایوس نظریاتی کارکنان کی توجہ کا محور و مرکز ایم کیوایم ہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں نوابشاہ سمیت سندھ بھر میں ایم کیوایم کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے اور اس کے اراکین پارلیمنٹرین کی عوامی خدمات کو عوام کی جانب سے قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے جس سے ہر ذی شعور شخص اندازہ لگا سکتا ہے کہ ملک اور صوبہ سندھ کی سطح پر ایم کیوایم مظلوم قومیتوں کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے ۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کنور خالد یونس اور ارشاد کمالی نے اعجاز علی لغاری کی سربراہی میں پیپلزپارٹی نوابشاہ کے سابق ذمہ داران و کارکنان کی ایم کیوایم میں شمولیت کا زبردست خیر مقدم کیا اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی ۔دریں اثناء بن قاسم ٹاؤن یونین کونسل نمبر3کے رہائشی ہزارہ وال،پختون،سرائیکی اورپنجابی برادری کے معززین نے الطاف حسین کی قیادت ،فکروفلسفے اور ایم کیوایم کی حق پرستانہ جدوجہد سے متاثرہوکرمتحدہ قومی موومنٹ میں غیرمشروط طورپرشمولیت اختیارکرلی ہے۔ایم کیوایم میں شمولیت کااعلان انہوں نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیزآبادمیں کیا۔اس سے قبل رکن رابطہ کمیٹی سیدشاکرعلی اورمرکزی رہنماء عامرخان سے بن قاسم ٹاؤن کی یونین کونسل3کے رہائشی ہزارہ وال،پختون،سرائیکی اورپنجابی برادری سے تعلق رکھنے والے معززین کے وفدنے عبدالحسان کلاسرہ،لال محمدسرائیکی اورمندوخان کی سربراہی میں خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیزآبادمیں ملاقات کی۔اس موقع پروفدکے اراکین نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ الطاف حسین کے تدبراورفہم وفراست نے پاکستان میں بسنے والے متوسط طبقے کی سوچ تبدیل کردی ہے،آج پورے ملک کے98فیصدمتوسط طبقے کے عوام دوفیصداستحصالی ٹولے کے خلاف قائدتحریک الطاف حسین کی جدوجہد میں شامل ہیں۔