Geo News
Geo News

پاکستان
03 جنوری ، 2014

مشرف کی طبیعت خراب ہونے سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آگئیں

مشرف کی طبیعت خراب ہونے سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد… عدالت جاتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کا جسم ٹھنڈا پڑنے ،سینے اوربازو میں درد ہونے پر ساتھ بیٹھے شخص نے زبان کے نیچے رکھنے والی گولی دی جو دل کے مرض میں استعمال کی جاتی ہے۔اندرونی ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف عدالت جانے کیلئے صبح ساڑھے نو بجے تیار ہوکر اپنے وکلاء کے فون کا انتظار کررہے تھے۔ عدالت میں پیر تک پرویز مشرف کو استشنا نہ ملنے پر وکلاء نے انہیں عدالت آنے کا مشورہ دیا ،جس پر وہ عدالت کے لئے روانہ ہوئے تو تھانہ بنی گالہ کے قریب ان کا جسم ٹھنڈا پڑنا شروع ہوگیا، چھاتی اور بازو میں درد محسوس ہونے پر ساتھ بیٹھے شخص نے انہیں زبان کے نیچے رکھنے والی گولی دی اور قافلہ عدالت کی جانب رواں دواں رہا۔عدالت وہاں سے ڈیرہ کلومیٹر دور تھی کہ اسلام آباد کلب کے قریب طبعیت مزید بگڑنے پر پرویز مشرف کو عدالت لے جانے کی بجائے اے ایف آئی سی لے جانے کا فیصلہ کیا گیا،جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ پرویز مشرف کو دل کی تکلیف ہوئی ہے لیکن حالت اطمینان بخش ہے۔ ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی اہلیہ صہبا مشرف جو ساڑھے دس بجے کے قریب دبئی کے لئے گھر سے روانہ ہوچکی تھیں ، ان کو ائرپورٹ کے لاونج سے واپس بلایا گیا، جو ائرپورٹ سے سیدھی اے ایف آئی سی پہنچیں اور چار گھنٹے تک اپنے خاوند کے ساتھ رہیں۔

مزید خبریں :