29 مارچ ، 2012
لاہور…لاہور میں مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف ایوان وزیراعلیٰ سے پنجاب اسمبلی تک مارچ کیا۔ پہلے چیئرنگ کراس اور پھر اسمبلی ہال کی سیڑھیوں میں دھرنا دیا۔احتجاجی ریلی سے قبل ایوان وزیراعلیٰ میں وزیرقانون رانا ثناء اللہ کی صدارت میں لوڈشیڈنگ کے خلاف اجلاس ہوا۔ جس میں کہا گیا کہ لوڈشیڈنگ کے معاملے میں پنجاب سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ ایک سال میں پنجاب کی صنعتوں کو ڈھائی ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔ اجلاس کے بعد ارکان اسمبلی نے پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مال روڈ پر مارچ کیا۔ انہوں نے چیئرنگ کراس میں مختصر دھرنا دیا جس کے بعد وہ پنجاب اسمبلی پہنچے جہاں انہوں نے احتجاج جاری رکھتے ہوئے پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں میں دھرنا دیا۔