پاکستان
29 مارچ ، 2012

کراچی میں افغانستان اور خیبر پختونخوا سے اسلحہ آرہا ہے، رحمان ملک

کراچی میں افغانستان اور خیبر پختونخوا سے اسلحہ آرہا ہے، رحمان ملک

اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں گزشتہ روز کی نسبت حالات میں بہتری آئی ہے، ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھاری مقدار میں اسلحہ جمع ہو چکا ہے، یہ افغانستان اور صوبہ خیبر پختونخواکے کچھ راستوں سے آرہا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں لوڈشیڈنگ مسلم لیگ ن کی پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔ اسلام آباد میں وزیر داخلہ رحمان ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن قائم کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے لیکن وفاقی حکومت انہیں ہرقسم کے وسائل فراہم کررہی ہے، وہاں حالات کی جلد مکمل بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھاری مقدار میں اسلحہ موجود ہے جو افغانستان اور خیبر پختونخوا کے کچھ راستوں سے کراچی آ رہا ہے۔ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ افغانستان میں فراری کیمپ بھی دوبارہ فعال ہو رہے ہیں، ان معاملات پر افغان حکومت سے جلد بات کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ملک میں مسلم لیگ ن کی ماضی کی پالیسیوں سے اس وقت لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوا،پنجاب حکومت لانگ مارچ چھوڑ کر ملکی معاملات پر مذاکرات کیلئے شارٹ مارچ کرے۔ رحمان ملک نے کہاکہ ان کی حکومت ہر معاملہ پارلیمنٹ میں لے جاتی ہے اور اس کاحل متفقہ طور پر نکالنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ حکومت بھی ہماری ہو گی، بدنام اور کرپٹ ایس ایچ اوز کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے کرپٹ ایس ایچ اوز کی فہرستیں انہیں بھجوائی جائیں اور وہ اس پر ان کو تبدیل اور سخت کارروائی کریں گے۔

مزید خبریں :