01 اپریل ، 2012
کراچی …خیبر پختونخوا کی معروف شخصیت وحیدہ ظفر نے اپنے بھائی ستار علی اورچار سدہ اور پشاور کی چند سماجی شخصیات محترم انور کمال ،وقار علی اور پرویز خان سمیت متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کااعلان کردیا۔کراچی پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے وحیدہ ظفر ،ان کے بھائی ستار علی، انور کمال ،وقار علی اور پرویز خان نے کہاکہ ہم بنوں چار سدہ سے گزشتہ ہفتے کراچی پہنچے ہیں کیو نکہ کئی برسوں سے ہم تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ایم کیوایم کا جائزہ بھی لے رہے تھے ،متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا فکرو فلسفہ ہمیں نہ صرف متأثر کررہا تھا بلکہ ہمیں اس سے سو فیصد اتفاق بھی تھا ، الطاف حسین نہ عہدوں کے طلب گار ہیں نہ کسی منصب کی خواہش رکھتے ہیں بلکہ حقیقت پسندی اور عملیت پسندی کے جذبے کے ساتھ پاکستان کی بقا اور سلامتی کو عزیز تر رکھتے ہوئے الطاف بھائی عہدوں سے بے نیاز غریب اور متوسط طبقے کے افراد کو سینیٹرز ، ایم این اے اور ایم پی اے منتخب کرواتے رہے یوں اٹھانوے فیصدی مظلوم اور محروم عوام اسمبلیوں تک پہنچ کر حقیقی معنوں میں اپنے حقوق کی جنگ لڑتے نظر آئے اور یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک حیرت انگیز انقلاب تھا۔انھوں نے کہاکہ گزشتہ 30برسوں میں ایم کیو ایم کے خلاف بد ترین پرو پیگنڈہ کر کے ہمارے علاقوں میں اس کی تصویر کو مسخ کیا گیا ہے لیکن اس قسم کے مظالم ،سازشوں اور الزامات کے باوجود ایم کیو ایم اپنے موقف پر سختی سے ڈٹی رہی ۔ہم مستقل دیکھتے آئے ہیں کہ سیاسی مفاد پرست جماعتیں ہمیشہ فسادات کرانے کے بعد تمام الزام ایم کیو ایم کے سر پر ڈالتی رہی ہیں ،خاص طورپر پختونوں کے سروں کے سودے خود ان کے اپنے ہی لوگ کرتے رہے ہیں لیکن اب ہم اس ظلم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ ہم انتہائی فخر اور پوری سچائی و دیانتداری کے ساتھ اپنے سیکٹروں ساتھیوں کے ساتھ جن میں خواتین و حضرات سب ہی شامل ہیں متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں،ہمارے تمام لوگوں کا کراچی آنا ناممکن تھا لہٰذا میری آواز میں ان تمام آوازوں کو آپ محسوس کرسکتے ہیں جو اس وقت بنوں میں شدت سے میری اور میرے ساتھیوں کی واپسی کے منتظر ہیں ،ہم الطاف بھائی کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر نہ صرف پختونوں بلکہ تمام پاکستان کے مظلوموں کی آواز بن کر اس ملک سے جبرو ظلم کی سیاست کاخاتمہ کریں گے ۔اس موقع پرصوبائی وزیر صنعت و تجارت رؤف صدیقی نے بنوں اور چار سدہ سے آئے ہوئے معزز مہمانوں کا تعارف کرایا اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے انہیں متحدہ میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور مبارکباد پیش کی ۔دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ لاہور زون کے اجلاس میں خیبرپختونخواہ سے ن لیگ کے سابق ایم پی اے مولانا نورالحق نے ایم کیوایم میں شمولیت کا اعلان کیا ۔واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں کااجلاس پنجاب آفس میں ہوا۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ پیٹرول اورسی این جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ فی الفورواپس لیا جائے۔ اب عوام میں مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کا عذاب مزید جھیلنے کو تیار نہیں۔