کاروبار
04 اپریل ، 2012

عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

کراچی … عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے بعد مقامی سطح پر سونے کی قیمت ساڑھے تین ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے ۔آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون رشید چاند نے جیونیوز کو بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں کمی آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹس میں بھی سونے کی قیمتیں نیچے آرہی ہیں۔ بدھ کو ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 1250 روپے کمی کے بعد 56 ہزار 500 روپے ہوگئی۔ دس گرام قیمت 1072 روپے کمی کے بعد 48 ہزار 428 روپے ہوگئی۔ حاجی ہارون رشید چاند کے مطابق 25 جنوری 2012ء کے بعد سونے کی قیمت مقامی طور پر اس سطح پر آئی ہے جو ساڑھے 3 ماہ کی کم ترین سطح ہے ۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1644 ڈالر سے بھی نیچے آگئی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی سطح پر سونے کی قیمت میں گزشتہ 4 ہفتوں کے دوران سب سے بڑی کم ریکارڈ کی گئی اور یہ 1643 ڈالر 93 سینٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔ امریکی معیشت میں تیزی کیلئے فیڈرل ریزرو کی جانب سے لائحہ عمل کے اعلان میں تاخیر اور دنیا میں سونے کے سب سے بڑے خریدار ملک بھارت میں جیولرز کی جانب سے نئے بجٹ میں ڈیوٹیز کے نفاذ کیخلاف ہڑتال کا دورانیہ 18 روز تک پہنچ جانے کے بعد سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے۔

مزید خبریں :