09 اپریل ، 2012
اسلام آباد… پاک امریکہ تعلقات کے از سر نو تعین کے لئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس تین روز کے وقفے کے بعد آج پھر ہوگا،جبکہ قومی سلامتی کمیٹی بھی اپنی سفارشات کے از سر نو جائزہ کے لئے بھی آج اجلاس منعقد کرے گی۔ پارلیمنٹ کا اجلاس شام پانچ بجے ہوگا،جبکہ اس سے قبل دوپہر کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوگا ،پارلیمنٹ کا رواں اجلاس 20 مارچ کو شروع ہوا تھا جس میں قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات پیش کی گئی تھیں تاہم ان سفارشات پر اپوزیشن نے تحفظات کا اظہار کیا جس کے بعد قومی سلامتی کمیٹی نے اپنی سفارشات کا از سر نو جائزہ لینا شروع کردیا،پہلے مسلم لیگ ن نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے خلاف کمیٹی اجلاس کا بائیکاٹ کیا جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نیٹو سپلائی کی ممکنہ بحالی کے خلاف احتجاجا کمیٹی سے الگ ہوگئے،مسلم لیگ ن نے تو اپنا بائیکاٹ ختم کردیا ہے تاہم جے یو آئی آج اپنے اجلاس میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ کرے گی۔