12 اپریل ، 2012
اسلام آباد… سپریم کورٹ میں وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج ہو گی، وزیر اعظم کے وکیل اعتزاز احسن اپنے موکل کے دفاع میں دلائل دیں گے۔ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا سات رکنی بنچ این آر او کیس میں عدالتی حکم پر سوئس حکام کو خط نہ لکھنے پر وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرے گا۔ اس کیس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالتی نوٹس پر دو مرتبہ عدالت حاضر ہو کر اپنا موقف بیان کر چکے ہیں اور ان پر توہین عدالت کی فرد جرم عائد کی جا چکی ہے جس کے بعد سے اعتزاز احسن اپنے موکل کے حق میں دلائل دے رہے ہیں۔ اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے وزارت قانون کی سمری کے مطابق سوئس حکام کو خط نہ لکھنے کا فیصلہ کیا کیوں کہ صدر زرداری کو استثنیٰ حاصل ہے۔ وزیر اعظم کے وکیل نے کیس کی سماعت کرنے والے بنچ پر بھی اعتراضات اٹھائے کہ جس بنچ نے توہین عدالت کا نوٹس اور ٹرائل سے پہلے اپنی رائے دی وہ سماعت کا اہل نہیں جب کہ استغاثہ کی شہادت میں کوئی ثبوت نہیں کہ وزیراعظم نے توہین عدالت کی۔اعتزاز احسن کا موقف ہے کہ آرٹیکل 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل ان کے موکل کا بنیادی حق ہے، وہ اسی حوالے سے کل بھی اپنے دلائل جاری کھیں گے۔