پاکستان
23 جنوری ، 2012

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ملازمین کا مبینہ نجکاری کے خلاف احتجاج

پشاور… پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ملازمین نے پیسکو کی مبینہ نجکاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے واپڈا ہاؤس کی تالہ بندی کردی۔ پاکستان ہائیڈرو یونین پشاور اور واپڈا آفیسرز ایسوسی ایشن کی کال پر پیسکو کے ملازمین بطور احتجاج سڑکوں پر نکل آئے اور پیسکو کی نجکاری کے خلاف واپڈا ہاؤس کی تالہ بندی کردی۔ مظاہرین پیسکو کی نجکاری اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ احتجاجی جلسے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے پیسکو کی نجکاری کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کے ای ایس سی کے بحران میں دیگر اداروں کو شامل نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نان ٹیکنیکل اور جونیئر افسروں کو چیف ایگزیکٹو مقرر کرنے کا فیصلہ قبول نہیں کیا جائے گا۔۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے پانی اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کئے جائیں۔ مظاہرین نے 25 جنوری سے دوپہر ایک سے چار بجے تک قلم چھوڑ ہڑتال شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔

مزید خبریں :