17 اپریل ، 2012
واشنگٹن. . . . .امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ وہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کیلئے پاکستان پر دباوٴ ڈالتی رہیں گی۔ برازیل کے دارالحکومت برازیلیا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ اس بات کے اشارے ملے ہیں کہ افغانستان میں ہونے والے حملے میں حقانی نیٹ ورک ملوث ہے۔ ہلیری نے بتایا کہ اس معاملے پر ان کی پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں انہوں نے زور دیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف نیٹو افغانستان اور پاکستان کو مشترکہ کارروائیاں کرنی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے دورہ پاکستان میں بھی حقانی نیٹ ورک کیخلاف کارروائی کی بات کی تھی۔ ہلیری کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ ورک سخت جان دشمن ہے۔ ایران کی جانب سے ایٹمی مذاکرات سے پہلے پابندیاں ہٹانے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے ہلیری کا کہنا تھا کہ ایران کو پہلے اپنی سنجیدگی ثابت کرنی ہوگی۔