18 اپریل ، 2012
اسلام آباد … اسلام قبول کرنے والی ہندو خواتین ڈاکٹر لتا، آشا اور رنکل کماری شوہروں کے ساتھ جانے پر رضا مند ہوگئی ہیں، تینوں خواتین کی شوہروں سے ملاقات کرادی گئی، تینوں خواتین پولیس کی حفاظت میں بکتر بند گاڑی کے ذریعے سپریم کورٹ سے روانہ ہوگئیں۔ سندھ پولیس کے مطابق ڈاکٹر لتا، آشا اور رنکل کماری کی ان کے شوہروں سے ملاقات کرادی ہے اور وہ تینوں اپنے شوہروں کے ساتھ جانے پر رضا مند ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں نو مسلم خواتین کو شوہروں کے ساتھ روانہ کردیا جائے گا، وہ جہاں جانا چاہیں انہیں سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اسلام قبول کرنے والی صوبہ سندھ کی 3خواتین کو اپنی مرضی سے جانے کی اجازت دیتے ہوئے پولیس کو ان کی مکمل حفاظت کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے آج حکم دیا کہ تینوں خواتین ، عدالتی رجسٹرار آفس جاکر آزادانہ طور پر بتادیں کہ وہ اپنے سسرال جانا چاہتی ہیں یا پھر والدین کے پاس واپس جانے کی خواہشمند ہیں۔