18 اپریل ، 2012
کراچی … آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق عام انتخابات میں ایک سال کی تاخیر ہوسکتی ہے، بلدیاتی نظام کا قانون بنتے ہی انتخابات کرادیں گے، نئے بلدیاتی نظام پر اپنی تجاویز اتحادیوں کو دیدیں، ابھی جواب نہیں آیا، دعا ہے کہ بلدیاتی الیکشن عام انتخابات سے پہلے ہوجائیں، میں بھی چاہتا ہوں کہ کراچی کا انتظام منتخب میئر چلائے۔ وزیر بلدیات سندھ آغا سراج درانی کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئین کی مطابق عام انتخابات میں ایک سال کی تاخیر ہوسکتی ہے، نئے بلدیاتی نظام پر اپنی تجاویز اتحادیوں کو دیدی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی تجاویز پر اتحادیوں نے ابھی جواب نہیں دیا،بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ اتحادیوں کی مشاورت سے ہوگا، دعا ہے بلدیاتی انتخابات عام انتخاب سے پہلے ہوجائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کے ساتھ ملکر جلد بلدیاتی نظام کاقانون بنائیں گے، قانون بنتے ہی انتخابات کرادیں گے، میں بھی چاہتاہوں کہ کراچی کا انتظام منتخب میئر چلائے۔ سراج درانی نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات پر مشاورت کے بعد سپریم کورٹ میں جواب داخل کرائیں گے، انتخابی فہرستوں کی تیاری ابھی باقی ہے۔ پی پی رہنما نے کہا کہ زرداری صاحب توبڑے شکار کرتے ہیں، شیر تو چھوٹی سی چیز ہے، کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ کے ایس سی کے ایم ڈی کو 2، 3 طریقوں سے سمجھاناپڑے گا۔