18 اپریل ، 2012
پشاور … گورنر خیبر پختونخوا مسعود کوثر نے کہا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمی ادارے اہل دانش پیدا کرنے اور دانشمندانہ سوچ و فکر کے فروغ کا وسیلہ ثابت ہوں۔ اسلامیہ کالج پشاور اور اسلامیہ کالجیٹ اسکول کے دورے میں طلبہ اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر مسعود کوثر نے کہا کہ تاریخی اسلامیہ کالج نے خطے میں ترقی اور اعتدال پسند شہری تیار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور فاٹا کے عوام تاریخی، ثقافتی ورثے اور عظیم اقدار کے حامل ہیں، اسی لیے ہماری دلی تمنا ہے کہ یہاں کے تعلیمی اداروں سے اچھے اور باشعور نوجوان فارغ التحصیل ہوں۔ گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ تشدد، انتہا پسندی اور عسکریت کا موجودہ تشخص ہمارے عوام کیلئے اجنبی ہے۔