Advertisement

کھیل
time icon 20 فروری ، 2022

کراچی کنگز نے پی ایس ایل کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا

2020 کا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) ٹورنامنٹ جیتنے والی کراچی کنگز کی ٹیم نے پی ایس ایل کا ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے، وہ اس ٹورنامنٹ کے ایک ایڈیشن میں 9 میچز ہارنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ 

کراچی کنگز نے یہ کارنامہ اتوار کی شام کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کے ساتھ انجام دیا۔

کراچی اور لاہور میں ہونے والا پی ایس ایل 7  کراچی کنگز کے لیے ڈراونا خواب ثابت ہوا اور وہ اس ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ ہی جیت سکی جب کہ 9 میچز میں اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ، یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے خراب ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس تھا جو گزشتہ سال دس میں سے آٹھ میچز میں ناکام ہوئی تھی ۔

کراچی کنگز نے اس سے قبل ایک ایڈیشن میں مسلسل آٹھ شکستوں کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا تھا ۔ مسلسل آٹھ میچز میں ناکامی کے بعد بابر اعظم کی قیادت میں کھیلنے والی کراچی کنگز نے اپنے نویں میچ میں لاہور قلندرز کو شکست دی تھی مگر پھر آخری میچ میں اس کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پی ایس ایل 7 میں کراچی کنگز کے مجموعی طور پر صرف دو پوائنٹس ہیں اور وہ پلے آف کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے۔

کراچی کنگز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں مجموعی طور پر چالیس میچز ہارنے والی واحد ٹیم ہے۔


Advertisement

@geonews_sport