04 نومبر ، 2021
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 1 کے مقابلے میں سری لنکا نے دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو 20 رنز سے شکست دے دی۔
سری لنکا اور ویسٹ انڈیز سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہوگئے۔
ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان کیرن پولارڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔
سری لنکا کی اننگز
سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔
سری لنکن بیٹسمینوں نے ویسٹ انڈین بولرز کی ایک نہ چلنے دی اور شروع اننگز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا۔
سری لنکا کی جانب سے چاریتھ آسالنکا 68 اور نسانکا 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل نے 2 اور ڈوئین براوو نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی اننگز
190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا سکا۔
شیمرون ہٹمیئر نے اپنی ٹیم کو کامیابی کی پوری کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہوسکے، وہ 81 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس کے علاوہ نکولس پورن46 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ہاسارنگا ڈی سلوا، فر نینڈو اور کرونارتنے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس جیت کے باوجود سری لنکا سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہوگیا ۔
سری لنکا نے سپر 12 مرحلے کے اپنے تمام میچز کھیل لیے ہیں جبکہ 2 میچز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ ایونٹ کا اختتام کیا ہے۔
اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز نے 4 میچز میں صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی اور وہ بھی ایونٹ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔ البتہ ویسٹ انڈیز نے اپنا آخری گروپ میچ آسٹریلیا کے خلاف 6 نومبر کو کھیلنا ہے۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔