11 نومبر ، 2021
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے پاکستانی اسٹار بولر شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں خطرہ قرار دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ شاہین آفریدی پاکستان کے لیے اچھا کھیل پیش کررہے ہیں اور یہی چیز ہمارے لیے میچ میں خطرہ ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھا کھیل پیش کیا ہے، ہمیں آج ان سے محتاط رہتے ہوئے اپنی وکٹس محفوظ کرنا ہوگی کیوں کہ شاہین کسی بھی دن خطرہ ثابت ہوسکتا ہے۔
فنچ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے شاندار کرکٹ کھیلی ہے، پاور پلے یقینی طور پر میچ کا اہم حصہ ہے، میرا خیال ہے کہ وہ جس طرح بلے اور گیند کے ساتھ پاور پلے میں کھیلتے ہیں یہی ان کی کامیابی کا راز ہے لہٰذا آج کا کھیل ایک اہم جنگ ہوگی جس میں کوئی شک نہیں۔
آسٹریلوی کپتان نے اپنی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم چاہے پہلے بولنگ کرے یا بیٹنگ، کسی بھی صورتحال میں جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اب تک ناقابل شکست ہے جب کہ آسٹریلیا کو ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔