11 نومبر ، 2021
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل سے قبل آل راؤنڈر شعیب ملک اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے بیمار پڑجانے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ پریشان کن خبریں موصول ہورہی ہیں کہ شعیب ملک اوررضوان فلو کا شکار ہوگئے ہیں۔
اہم کھلاڑیوں کے بیمار پڑجانے پر شعیب اختر نےانتظامیہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کو انجیکشن ٹھوکیں، ڈرپیں لگائیں، مجھے یقین ہے کہ وہ اس کے بعد بھرپور طریقے سے کھیلنے کے قابل ہوجائیں گے اور فلو ان کے آڑے نہیں آئے گا۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ امید ہے کہ کھلاڑی آرام کررہے ہوں گے، مکمل طور پر صحتیاب ہونے کے لیے اسٹیم اور دوائیاں بھی لے رہے ہوں گے۔
سابق کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ جیتنا ہماری کرکٹ کی بہتری سے زیادہ ہماری قوم کا مورال بلند ہونے کے لیے بہتر ثابت ہوگا کیوں کہ قوم کو اصل جوش کا انجیکشن ورلڈکپ جیت کر لگے گا۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔
گزشتہ روز پاکستان ٹیم نے آئی سی سی اکیڈمی میں ٹریننگ کا آغاز کیا تھا لیکن قومی ٹیم کے دو قابل اعتماد کھلاڑی شعیب ملک اور محمد رضوان ٹیم کے ہمراہ پریکٹس کیلئے نہیں آئے۔
پاکستان ٹیم کے میڈیا منیجر ابراہیم بدیس نے بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کو فلُو ہوا ہے اور معمولی بخار بھی ہے، ان کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی کلیئر آئی ہے، البتہ ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔