پاکستان
Time 11 نومبر ، 2017

دھند سے فلائٹ شیڈول شدید متاثر، آئندہ ہفتے اسموگ ختم ہونے کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے بارش سے اسموگ ختم ہونے کا امکان ہے—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

ایک طرف اسلام آباد اور پنجاب میں دھند کی وجہ سے فلائٹس شیڈول شدید متاثر ہوا ہے، وہیں محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کردی، جس کے بعد اسموگ ختم ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے ہفتے اسلام آباد، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا  اور فاٹا میں بارش کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی سے بتدریج شہری علاقوں میں اسموگ ختم ہو جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ ، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور اور راولپنڈی میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیر کے روز بلوچستان میں بھی کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

فلائٹس میں تاخیر

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج بھی دھند اور اسموگ کا راج برقرار ہے اور حدنگاہ کم ہونے سےلاہور ایئر​پورٹ پر فلائٹس کا شیڈول متاثر ہے۔

دھند کے باعث 22 غیر ملکی اور متعددملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوچکی ہیں، جس سے ایئر​پورٹ پر مسافر پریشان ہیں۔

دھند کے باعث اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ شیڈول متاثر ہوا اور متعدد ملکی اور غیر ملکی فلائٹس منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔

اسموگ سے پھیلنے والی بیماریاں

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق رواں سال اسموگ کے دنوں میں پنجاب میں مختلف بیماریاں پھیلیں، جن میں زیادہ تر نمونیا، دمہ اور آنکھ کی بیماریاں شامل ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق نمونیے نے بچوں اور بزرگوں سمیت 7 ہزار سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 931 افراد دمے میں مبتلا ہوئے جبکہ 746 افراد کی آنکھیں متاثر ہوئیں۔

اسموگ کے دنوں میں 103 افراد نے دل کے عارضے کی شکایت بھی کی۔

 طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسموگ جاری رہنے سے مزید افراد بیمار ہوسکتے ہیں۔


مزید خبریں :