08 فروری ، 2015
فیصل آباد......فیصل آباد میں شرط لگا کر اسنوکرکھیلنے والے افراد کی گرفتاری کے خلاف شہریوں نے تھانے کا گھیراؤ کیا اور ٹائر جلائے ۔ ملزموں کو آج عدالت میں پیش کیاجارہا ہے ۔پولیس کے مطابق گذشتہ روز شرط لگا کر اسنوکر کھیلنے کے الزام میں 57 افراد کوگرفتار کر کے مقدمہ درج کیاتھا۔ ملزموں کے رشتے داروں نے گرفتاری اور مقدمے کے خلاف تھانا فیکٹری ایریا کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے میں شریک خواتین نے تھانے کے مرکزی گیٹ کو تالا لگادیا۔ مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلاکر سمن آباد روڈ بھی بند کردی ۔ پولیس ملزموں کو لے کر عدالت روانہ ہوئی تو مظاہرین منتشر ہوگئے ۔ ملزموں کے خلاف عدالتی کارروائی ابھی جاری ہے ۔