08 فروری ، 2015
پشاور......قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئر مین آفتاب احمد خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی ایکشن پلان کی حمایت کی تھی لیکن اس پر بھر پور طریقے سے عمل نظر نہیں آ رہا ،یہ بات انھوں نے چارسدہ میں سابق گورنر شہید حیات محمد خان کی چالیسویں برسی پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہید بچوں کے خون کا بدلہ لینا ہے تو حکومت فوری طور پر قومی ایکشن پلان پر عمل کرے۔ آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور 20 لاکھ آئی ڈی پیز کی گھروں کو واپسی ملک کے سب سے اہم مسائل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام سے بلدیاتی انتخابات کا وعدہ کیا تھا لیکن دوسال گزرنے کے باوجود بلدیاتی انتخابات کا نام و نشان نہیں ۔ عمران خان کو پہلے نیا پختون خوا بنانا چاہیے بعد میں نئے پاکستان کی بات کرنی چاہیے ۔