08 فروری ، 2015
مظفر آباد......آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان تجارتی سرگرمیاں معطل ہونے کے بعد بس سروس بھی غیر معینہ مدت تک بندکردی گئی ۔آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے درمیان لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی سیکٹر سے ہونے والی انٹرا کشمیر ٹریڈ تیسرے روز بھی بحال نہ ہوسکی۔ ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیر (ر) امتیاز کا کہنا ہے کہ ٹرک سروس بند ہونے کے بعد حالات معمول کے مطابق نہیں ہیں۔ اس لئے مظفرآباد سری نگر بس سروس غیر معینہ مدت تک بند کردی گئی ہے۔کل بھارتی حکام سے ملاقات کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ تین روز قبل مقبوضہ کشمیر کے حکام نے ٹرک سے ممنوع سامان کی برآمدگی کا الزام لگا یا تھااور 22 ٹرک روک لیے تھے۔ جس پر آزادکشمیر انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر سےآنے والے 50 ٹرک معاملے کے حل تک واپس بھیجنے سے معذرت کرلی۔ آزادکشمیر حکام نے مقبوضہ کشمیر سے آنے والے تازہ پھل خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر راولپنڈی روانہ کیے تو مری کے علاقے میں پاکستانی ٹرک مالکان اور ان کے ساتھیوں نے قافلے کو روک لیا۔ ان کا کہنا ہےکہ جب تک مقبوضہ کشمیر میں ضبط کیے گئے ٹرک واپس نہیں آتے قافلے کو جانے نہیں دیں گے۔