09 فروری ، 2015
مری........مری میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔جس نے اس کا حسن نکھار دیا ہے ۔ملکہ کوہسار نے ایک بار پھر برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔ہر سو بکھری سفیدی نے مری کی ہر راہگزر حسین بنا دی ہے۔یخ بستہ ہوائیں درختوں سے ٹکراتی ہیں تو ہر ڈالی پر اٹی برف بھی چھن چھن برستی ہے جو سیاح یہاں آ گئے ہیں، اب ان کا جانے کو دل نہیں کرتا۔ مری کے مست نظاروں میں سیاحوں کی مستیاں ہیں کہ ختم ہونےمیں نہیں آتیں ۔ منچلے خود ہی گلوکار ہیں اور پھر خود ہی رقص بھی کرتے ہیں ۔یہ سب دلکش نطارے اور سیاحوں کی مستیاں اپنی جگہ، مری کا ایک اور حسین منظر پتریاٹا کی چیئر لفٹ سے نظر آتا ہے۔ خاموشی، سکون اور تاحد نظر اجالے جیسی سفیدی ۔ اس برفباری کے دوران نہ تو ٹریفک کا رش ہوا نہ ہی یخ بستہ ہوائیں چلیں۔ نرم، چمکیلی دھوپ نے منظر سنہری اور سہانا کر دیا ہے یہاں آنے والوں کا کہنا ہے کہ تفریحی مقام تو اور بھی بہت ہیں لیکن مری جیسا مزا کہیں نہیں۔