پاکستان
01 مئی ، 2012

دہشت گردی کانشانہ بننے والے لیاری کے عوام سے ہمدردی ہے،الطاف حسین کی نبیل گبول سے گفتگو

لندن…پیپلزپارٹی کے رہنمااوررکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے آج متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کوٹیلیفون کرکے لیاری کے عوام کیلئے غذائی اجناس اورروزمرہ استعمال کی اشیاء کے چار ٹرک بھیجنے پر لیاری کے عوام کی جانب سے ان کادلی شکریہ اداکیا۔ نبیل گبول نے الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ مٹھی بھردہشت گردوں نے لیاری کے مظلوم عوام کویرغمال بنارکھاہے جن کے خلاف پولیس کارروائی کررہی ہے ۔انہوں نے علاقے میں آپریشن کے باعث گھروں میں محصورعوام کیلئے بھاری مقدارمیں غذائی اجناس اوردیگرامدادی سامان بھیجنے پر الطاف حسین کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ آپ نے ایسے وقت میں لیاری کے پریشان حال عوام کی جس طرح مددکی ہے اس پرمیں لیاری کے عوام کی جانب سے آپ کاشکریہ اداکرتاہوں۔نبیل گبول نے لیاری میں دہشت گردوں کے حملوں کے باعث ٹرانسفارمرزتباہ ہونے کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے بارے میں بھی الطاف حسین کو آگاہ کیا۔ الطاف حسین نے نبیل گبول سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ مجھے جرائم پیشہ عناصر کی دہشت گردی کانشانہ بننے والے لیاری کے معصوم عوام سے دلی ہمدردی ہے اورمیں ان کے ساتھ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کافلاحی ادارہ اپنی بساط کے مطابق لیاری کے عوام کی مددکرتارہے گا۔ انہوں نے مخیرحضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی لیاری کے پریشان حال عوام کی ہرممکن مددکریں۔ انہوں نے کے ای ایس سی کے حکام سے اپیل کی کہ وہ لیاری کوبجلی کی فراہمی کیلئے فوری طورپراقدامات کریں۔

مزید خبریں :