پاکستان
20 فروری ، 2015

حق پرستی کی راہ پرچلنے والوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھتی ہے،عبدالحسیب

میر پور خاص ......ایم کیوایم کے زیر اہتمام میر پور خاص میں منعقدہ عظیم الشان محفل ذکر مصطفی ﷺ سے مختلف عالم دین و معروف علماء کرام نے خطاب کیا اور رسالت مآ ب ﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن عبد الحسیب نے الطاف حسین کی جانب سے محفل میں شرکت کرنیوالے علما ئے کرام ، مشائخ عظام ، مقررین ، ثناء خواں ، نعت خواں ، قوال اور خواتین ، بزرگوں ، نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ نے اپنے پیغام میں حق و صداقت کی بات کی ہے اور انکے چاہنے والے دہشت گردوںکے سامنے کسی صورت سر نہیں جھکائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آج چند مٹھی بھر لوگ اپنی مرضی کا دین نافذ کرنا چاہتے ہیں لیکن نبی ﷺ کا ذکر کرنے والے ایسے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔علامہ علی کرار نقوی نے کہا کہ حق کا ساتھ دینے والے دنیا میں بہت کم لوگ ہوتے ہیں اور جو حق پرستی کی راہ پر چلتے ہیں انہیں تاریخ ہمیشہ یاد رکھتی ہے ۔ علامہ اطہر مشہدی نے کہا کہ الطاف حسین نے ملک میں انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے بڑھتے ہوئے عفریت کے خلاف سب سے پہلے قوم کو آگاہ کیا تھا لیکن انکی باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا جس کا نتیجہ ہے کہ آج ملک کے ہر کونے میں دہشت گرد کھلے عام اپنی مذموم کارروائیاں کر رہے ہیں ،اللہ تعالیٰ نے نبی پاک ﷺ کے ذر یعے دنیا میں دین اسلام نازل کیا جس نے تمام انسانوں کے احترام اور ایک دوسرے سے محبت کا درس دیا ہے اور جبر و تشدد کی تعلیمات کی نفی کی ہے ۔ مفتی صاد ق سعیدی نے پر وقار تقریب کے انعقاد پر الطاف حسین اور ایم کیو ایم میر پور خاص زون کے ارکان کو مبارک باد پیش کی ۔ڈاکٹرعلامہ عباس قمی نے نبی آخرا الزماں ﷺ کی صفات مبارک بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی پاک ﷺ کو دونوجہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے ۔انہوں نے مختلف مذاہب میں نبی پاک ﷺ کی شان میں بیان کئے گئے حوالوں اور واقعا ت کاتذکرہ بھی کیا ۔حافظ حسن رضا قادری نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کو تمام جہانوںکیلئے بہترین نمونہ بناکر بھیجا گیاہے اگر ہم انکی تعلیمات پر عمل کریں تو تمام تر مسائل کا حل ممکن ہے۔دریں اثنا ایم کیو ایم کے زیر اہتمام میر پور خاص کے بلدیہ کمپلیکس میں جمعرات و جمعہ کی درمیانی شب عظیم الشان محفل ذکر مصطفی ﷺ و سماع کا انعقاد کیا گیا جس میںارکان رابطہ کمیٹی و حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی عبد الحسیب ، عظیم فارقی ، رکن رابطہ کمیٹی اسلم خان آفریدی ، حق پرست ارکان اسمبلی وسیم حسین، ناہید بیگم، ہیر سوہو، ڈاکٹر ظفر کمالی، سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج عمر قریشی ، میرپور خاص کے زونل انچارج مجیب الحق، جوائنٹ انچارج شہباز احمد خان،اراکین زونل کمیٹی ابرارغوری ،خالد تبسم، عبدالغفور بروہی،عارف قائم خانی،عزیر قریشی، اسلم قریشی،شاہد عباسی، سلیم رضا قائم خانی اندرون سندھ کی مختلف زونل کمیٹیوں کے انچارج و اراکین، کارکنان،مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علما ء کرام ،مشائخ عظام،مختلف سیاسی سماجی تنظیموں،تاجر انجمنوں کے رہنمااور میر پورخاص سے تعلق رکھنے والی ماؤں ، بہنوں ، بچوں، بزرگوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شان رسالت مآب ﷺ میں درود وسلام کا نذرانہ پیش کیا۔

مزید خبریں :