پاکستان
02 مئی ، 2012

رفیق انجینئر کے قدیم گھر کو نذرآتش کرنا لیاری کے قدیم تاریخی ورثے کا نقصان ہے ، الطاف حسین

رفیق انجینئر کے قدیم گھر کو نذرآتش کرنا لیاری کے قدیم تاریخی ورثے کا نقصان ہے ، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لیاری میں مسلح دہشت گردوں کی جانب سے پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیررفیق انجینئر کی قدیم رہائش گاہ کو نذرآتش کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراس افسوسناک عمل کو لیاری کے قدیم ترین تاریخی ورثہ کا نقصان قراردیا ہے ۔ صوبائی وزیررفیق انجینئر سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے انکی رہائش گاہ کو نذرآتش کرنے کے عمل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں اور میرے ساتھی آپ ، آپ کے اہل خانہ اور پیپلزپارٹی کے تمام سچے کارکنوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ رفیق انجینئر اپنے اہل خانہ کے ساتھ مذکورہ گھر میں 1876ء سے رہائش پذیرہیں اور مسلح دہشت گردوں نے رفیق انجینئر کے قدیم گھرکونہیں بلکہ لیاری کے قدیم ترین تاریخی ورثے کو نقصان پہنچایا ہے۔الطاف حسین نے رفیق انجینئرسے کہاکہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن میں غریب ومتوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے تمام سیاسی ورکروں کی دل سے قدر کرتاہوں اور لیاری کے مظلوم عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ایم کیوایم انکے ساتھ ہے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن کردارادا کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ لیاری میں دہشت گردی کے باعث پیپلزپارٹی کے مخلص کارکنان اپنا گھربارچھوڑ کر دربدری کی زندگی گزاررہے ہیں اور میں ان کا دکھ اچھی طرح سمجھ سکتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں رہنے والے عوا م خواہ کسی بھی قومیت سے تعلق رکھتے ہوں وہ آپس میں پیار ومحبت سے رہتے ہیں اور ان کے درمیان کبھی کوئی جھگڑا نہیں تھا لیکن لیاری گینگ وار کے جرائم پیشہ دہشت گردوں نے رمضان المبارک میں اردوبولنے والے نوجوانوں کو اغواء کرکے ذبح کیا، ان کی لاشوں کے ٹکڑے کرکے کراچی میں نفرتیں پھیلانے کی سازش کی۔ انہی جرائم پیشہ عناصرکی جانب سے لیاری کے غریب عوام کو یرغمال بنایا جارہا ہے اورغریب عوام کی جان ومال سے کھیلاجارہا ہے، اس عمل سے لیاری میں شہیدبھٹو اور بی بی شہید کے سچے اوراصل وارثوں کو یہ احساس ضرور ہوگیا ہوگا کہ کون لیاری کے عوام سے سچی محبت کرتا ہے اور کو ن لیاری کے عوام کے سکون اور جان ومال کا دشمن ہے ۔ الطاف حسین نے صدرمملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی ، وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ صوبائی وزیررفیق انجینئر کی قدیم رہائش گاہ کو نذرآتش کرنے والے دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے، رفیق انجینئر کی تاریخی رہائش گاہ کی تعمیر کیلئے فی الفور معاوضہ کا اعلان کیا جائے اورلیاری کے متاثرین کی ہرممکن امداد کی جائے ۔صوبائی وزیررفیق انجینئر نے الطاف حسین سے دلی تشکر کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے لیاری کے غریب عوام کی جان ومال کے تحفظ اور دکھ کی اس گھڑی میں جس طرح ہماری دلجوئی کی ہے اس سے مجھے اور میرے خاندان کو بہت حوصلہ ملا ہے۔آپ غریبوں کے ہمدرد ہیں اور ایم کیوایم نے غریب ومتوسط طبقہ کے افراد کو اسمبلیوں میں پہنچنے کا موقع فراہم کیا ہے جس پر میں دل کی گہرائی سے آپ کو سیلوٹ کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ آپ نے کراچی خصوصاً لیاری میں امن کیلئے موٴثرآواز اٹھائی ہے اور اس نیک کام میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ دہشت گردی کی کارروائیاں ہمارے حوصلہ پست نہیں کرسکتیں اورہم ہمت وجرات کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے ۔

مزید خبریں :