پاکستان
20 مارچ ، 2015

صولت کی پھانسی 90 دن تک مؤخر کی جائے، وزارت داخلہ کی سفارش

صولت کی پھانسی 90 دن تک مؤخر کی جائے، وزارت داخلہ کی سفارش

ا سلام آباد .......... وزارت داخلہ نے سزائے موت کے قیدی صولت مرزا کی پھانسی کو مزید 90 دن اور شفقت حسین کی سزا کو مزید 30 دن کے لیے مؤخر کرنے کی سفارش کردی ہے۔ وزارت داخلہ نے صولت مرزا کی پھانسی پرعملدرآمد کو مزید 90 روز بعد تک موخر کرنے کی سفارش کی ہے۔ یہ سفارش مبینہ طور پر مچھ جیل میں صولت مرزا کے ویڈیو پیغام میں سنسنی خیز انکشافات کے بعد کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ ذرائع کا کہنا ہےکہ 90 روز کی اس توسیع کے دوران نہ صرف صولت مرزا کے ویڈیو بیان کی عمومی تفتیش کی جائے گی بلکہ ویڈیو میں لیے گئِے مزید ناموں اور امن عامہ سے متعلق دیگر واقعات کے پس منظر کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ صولت مرزا کے انکشافات پر مبنی نیا مقدمہ دائر کرنے یا پرانے کیس کو ہی کھولنے کے بارے میں کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ پائی تاہم اس حوالے سےمختلف پہلوؤں پر غور جاری ہے۔ ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ صولت مرزا کے انکشافات کی روشنی میں وزارت داخلہ کے سامنے ایگزٹ کنڑول لسٹ پر شامل کرنے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ کے کسی رہنما کا کوئی کیس بھی زیرغور نہیں لیکن اگر ایسا کوئی کیس طے شدہ طریقہ کار کے تحت بھیجا گیا تو اس پر غور ضرور کیا جائے گا۔ دوسری طرف وزارت داخلہ نے کراچی میں ایک 7سالہ بچے کے قتل کے مجرم شفقت حسین کی سزا میں بھی مزید 30روز کی توسیع کی سفارش کردی ہے۔

مزید خبریں :