پاکستان
29 اپریل ، 2015

کراچی میں آپریشن بلا امتیاز ہو رہا ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف

کراچی میں آپریشن بلا امتیاز ہو رہا ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف

کراچی.......آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ کراچی میں آپریشن کے باعث ٹارگٹ کلنگ اور بھتا خوری کے واقعات میں کمی آئی، جرائم پیشہ افراد کے خلاف منطقی انجام تک بلا تفریق آپریشن جاری رہے گا،ٹارگٹ کلنگ کے حالیہ واقعات کی تحقیقات کر کے ملوث افراد کوبے نقاب کیا جائے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کے دورے کے دوران کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز نے آرمی چیف کو کراچی میں جاری آپریشن اور سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ آرمی چیف نے کراچی میں جاری آپریشن میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہا کہ این اے 246 میں ضمنی انتخابات کے پر امن انعقاد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص رینجرز کا کردار قابل تحسین ہے، کراچی میں آپریشن کے باعث ٹارگٹ کلنگ اور بھتا خوری کے واقعات میں کمی آئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا،معاشی سرگرمیوں کی بحالی اور شہریوں کی فلاح کے لیے شہر میں قیام امن ضروری ہے،کراچی کی انتظامیہ اور شہریوں کے ساتھ مل کر ہر قسم کی مافیا کی سرکوبی تک کا رروائیاں جاری رہیں گی۔ کراچی میں حالیہ ٹارگٹ کلنگ ایک مخصوص پیٹرن پر ہو رہی ہیں جسے دیکھنے کی ضرورت ہے، انہوں نےانٹیلی جنس اداروں اور رینجرز کو حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات میں ملوث افراد کو ڈھونڈ کر بے نقاب کیا جائے۔

مزید خبریں :