04 مئی ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سائٹ کے علاقے میں فیکٹری میںآتشزدگی کے واقعہ اور آتشزدگی کے سبب خواتین سمیت متعدد افراد کے جھلس کر زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں اس سے قبل بھی فیکٹریوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہوچکے ہیں اور تسلسل کے ساتھ فیکٹریوں میں ایسے واقعات انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتے ہیں لہٰذا آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے ہر سطح پر مثبت اور عملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ سائٹ فیکٹری میں لگنے والی آگ کی تحقیقات کرائی جائے اور فیکٹریوں میں آتشزدگی کے المناک حادثات کا فی الفور سدباب کیاجائے ۔رابطہ کمیٹی نے سائٹ فیکٹر ی میں آتشزدگی کے سبب خواتین سمیت متعدد افراد کے جھلس کر زخمی ہونے پر دلی ہمدردی کااظہار کیا اوردعا کی کہ اللہ تعالیٰ جلد از جلد زخمیوں کو صحت و تندرستی عطا فرمائے ۔ دریں اثنارابطہ کمیٹی نے نادرن بائی پاس پر واٹر ٹینکر تلے کچل کر 7بچوں کی ہلاکت کے اندوہناک حادثہ پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ 7بچوں کا واٹر ٹینکر تلے کچل کر ہلاک ہونا المناک واقعہ ہے اور اس پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے،ڈرائیور زکی مجرمانہ غفلت اور تیز رفتاری کے باعث آئے دن ٹریفک کے المناک حادثات ہورہے ہیں جس میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے جو کہ تشویشناک ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ دنوں بھی گلشن معمار کے علاقے میں ٹرک تلے کچل کر دو معصوم طالب علم ہلاک ہوگئے تھے اور اب واٹر ٹینکر تلے کچل کر ایک ساتھ 7بچوں کی ہلاکت ہر درد مند دل رکھنے والے شخص کیلئے صدمے اور دکھ کا باعث ہے ۔ انھوں نے بچوں کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی،اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰمرحوم بچوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔ (آمین)