پاکستان
05 مئی ، 2015

خواجہ سہیل پر لگائے گئے الزامات من گھڑت اوربے بنیادہیں،ایم کیوایم

کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بعض میڈیاچینلزپرنشرہونے والی خبرمیں ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی خواجہ سہیل منصورپرلگائے جانے والے الزام کی شدیدمذمت کی ہے،اورکہاکہ خواجہ سہیل منصورایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی ہی نہیں بلکہ ایک معزز صنعتکار ہیںجوباقاعدگی سے ہرسال اپنی آمدنی پرانکم ٹیکس اداکرتے ہیں ۔انہیں پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس اداکرنے والے رکن قومی اسمبلی کے طوپروفاق پاکستان کی جانب سے ’’ ستارہ امتیاز ‘‘ سے بھی نوازاگیا۔خواجہ سہیل پر کرپشن کاکوئی داغ نہیں ، وہ ایک سیلف میڈ بزنس مین ہیں اورانہوں نے برسوں رات دن محنت کرکے اپنے کاروبارکووسیع کیا۔اپنی محنت اور ایمانداری کی بنیادپروہ کئی اداروں کے بورڈآف ٹرسٹی اوربورڈممبررہے۔ ایسے صاف ستھرے کردارکے مالک رکن قومی اسمبلی پر تاجروںسے بھتہ کاالزام عائد کرناانتہائی افسوسناک ہی نہیں بلکہ قابل مذمت ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس الزام تراشی کے ذریعے خواجہ سہیل کوبدنام کرنے اوران کی کردارکشی کی کوشش کی گئی اورخواجہ سہیل اس الزام تراشی اورکردارکشی پر قانونی چارہ جوئی کاحق محفوظ رکھتے ہیں۔دریں اثنا ترجمان ایم کیو ایم نے ایک خبر میں انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ میں ایم کیوایم کے یونٹ آفس اور ذمہ داروں پر لگائے جانے والے الزامات کی سختی سے تردیدکی ہے اورانہیں سراسرمن گھڑت اوربے بنیادقراردیاہے۔ اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں اورہم سمجھتے ہیں کہ یہ خبرمیڈیاٹرائل کے ذریعے ایم کیوایم کوبدنام کرنے کی کوششوں کاحصہ ہے ۔ ترجمان نے کہاکہ تحقیق وتفتیش اورثبوت وشواہد کے بغیرکسی بھی سیاسی جماعت، اسکے دفتر، اس کے منتخب نمائندوں یاذمہ داروںپر الزام تراشی کاعمل کسی بھی طرح درست اور جائز قرار نہیں دیاجاسکتا۔ علاوہ ازیں رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ الطاف حسین کے بیان پر واویلا مچانے والے تجزیہ نگار تعصب اور نفرت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ تجزیہ نگار الطاف حسین کے بیان پر جتنا چاہیں شوق سے واویلا مچائیں لیکن وہ پوری قوم کو جواب دیں کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے پوری پاک فوج کو مغلظات بکنے پر ان کی زبانیں کیوں خاموش ہیں؟ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ وڈیوثبوت کی صورت میں عمران خان کا یہ بیان ریکارڈ پر موجود ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ الطاف حسین نے کبھی کسی جرنیل کو بزدل اورڈرپوک نہیں کہا ہے اور پاک فوج کے خلاف عمران خان کے شرانگیز خیالات پوری قوم کے سامنے ہیں ،جرنیل پوری فوج کے نمائندے ہوتے ہیں اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے جرنیلوں کو بزدل قراردیکر پوری پاکستانی فوج کو مغلظات بکیں لیکن کسی میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ پاک فوج کے خلاف عمران خان کے نفرت انگیز بیان کا نوٹس لیں اور انکے خلاف بھی احتجاج کریں۔

مزید خبریں :