08 مئی ، 2015
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے گلگت کی وادی نلتر میں ہیلی کاپٹرکی کریش لینڈنگ میں ناروے ، فلپائن کے سفیروں اور ملائیشیا اور انڈونیشیا کے سفیروں کی بیگمات کے جاں بحق اور دیگر کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہاکہ ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ میں غیر ملکی مہمان سفیروں اوران کی بیگمات کا جاں بحق ہونا تمام پاکستانیوں کیلئے دکھ اور صدمے کا باعث ہے اور اس حادثے میں ہونے والے جانی نقصان کی تلافی ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے ناروے ، فلپائن ، ملائیشیا اور انڈونیشیا کی حکومتوں اور عوام اور جاں بحق افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان اور ہر پاکستانی برابر کا شریک ہے ۔ انہوں نے کریش لینڈنگ میں زخمی غیر ملکی مہمانوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ دریں اثنا الطا ف حسین نے ڈیرہ اسماعیل خان میںنجی ٹی وی کے پروڈیوسر عامر ملک کے ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے مرحوم کے سوگوار لواحقین اور صحافتی برادری سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔ (آمین)