08 مئی ، 2015
کراچی....... مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹریاطلاعات مہدی عابدی نے گلگت و بلستان نلتر کے مقام پر ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے المناک سانحہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کے سدباب کے لیے ایسے ایئرپورٹس کا قیام ضروری ہے جن پر موسمی تبدیلی اثرانداز نہ ہو۔ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے گلگت و بلتستان الیکشن میں کی انتخابی مہم کا سلسلہ جاری ہے کراچی سمیت رہنمائوں کے وفد گلگت و بلتستان میں انتخابی رابطوں کے حوالے بہت جلد پہنچ جائیں گے جبکہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات اورڈپٹی سیکر ٹری جنرل علامہ امین شہیدی سمیت دیگر رہنمائوں کی انتخابی مہم کے حوالے سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں جاری ہیں،گلگت بلتستان میں ذرائع آمد ورفت کو معیاری بنانا مجلس وحدت مسلمین کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا حلقہ نمبر ایک دو اور تین سے ہم نے ان امیدواروں کا انتخاب کیا ہے جو گلگت میں بہترین شہرت کے حامل اور ہر دلعزیز شخصیات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں شیعہ سنی اخوت و وحد ت کا ہم نے ہر جگہ عملی مظاہرہ کیا ہے۔ گلگت و بلتستان میں ہمارے اس عمل نے نہ صرف ہماری مقبولیت میں اضافہ کیا بلکہ اس تکفیری گروہ کو بھی تنہا کر دیا ہے۔گلگت و بلتستان میں الیکشن کے من پسند نتائج حاصل کرنے کے لیے پنجاب کے ریذیڈنٹ آفیسرز کو یہاں بھیجے جانے کے بھی شواہد مل رہے ہیں اس کی شدید مذمت کرتے ہیںالیکشن کمیشن کو اس کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔اگر الیکشن کے مخصوص عملے کو اسی طرح بھیجا جاتا رہا تو پھر چیف الیکشن کمیشن اور گورنر گلگت و بلتستان کی ملی بھگت کے تاثر کو حقیقت سمجھا جائے گا۔ن لیگ کی اس دھاندلی کو روکنے کے لیے مجلس وحدت مسلمین کے پندرہ سو سے زائد انتخابی مراحل سے شناسا تربیت یافتہ نوجوان میدان میں موجود رہیں گے۔