11 مئی ، 2015
کراچی ......رفیق مانگٹ......برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق تحریک طالبان نے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں انہوں نے اپنے اس دعوی کو ثابت کرنے کی کوشش کی کہ پاکستانی ہیلی کاپٹر کو انہوں گرایا اور سفارت کار ہلاک کیے۔ ایک عسکریت پسند نے اپنے کندھے پرچھوٹا میزائل اٹھائے رکھا ہوا ہے۔ طالبان کا دعویٰ ہے کہ اس قسم کے میزائل کے ذریعے ہی نلتر میں گرائے گئے، پاکستان کے فوجی ہیلی کاپٹر کو چند روز قبل نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعے میں 2غیر ملکی سفیر اور 2دیگر سفیروں کی بیگمات ہلاک ہوگئی تھیں، 2پائلٹ اور 1کریو ممبر بھی مارا گیا تھا۔ طالبان نے ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا، 3کلومیٹر دور سے فائر کیا گیا میزائل ہیلی کاپٹر کی دم پر لگا تھا۔ دوسری طرف پاک فوج نے طالبان کے دعوے کو ’’موقع سے فائدہ اٹھانے کے مترادف‘‘ قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے، ہیلی کاپٹر کا گرنا حادثہ قرار دیا ہے۔ عسکریت پسند گروپ نے اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لئے نقاب پہنے، 1دہشت گرد کے ہاتھ راکٹ لانچر اٹھائے ہوئے دکھایا گیا۔ انہوں نے اینٹی ائیر کرافٹ گن جیسے ہتھیار سے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار بچ جانے والے بعض غیر ملکی سفیروں کا بھی کہنا ہے کہ یہ حادثہ تھا اور انجن میں خرابی کے باعث پیش آیا۔ اخبار کے مطابق اتوار تک پاکستانی فوج سے اس ویڈیو پر موقف نہیں لیا جاسکا۔