پاکستان
20 مئی ، 2015

صفورا، سبین محمود، امریکی خاتون پر حملوں کے ملزم گرفتار کرلیے:قائم علی شاہ

صفورا، سبین محمود، امریکی خاتون پر حملوں کے ملزم گرفتار کرلیے:قائم علی شاہ

کراچی......وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ صفورا، سبین محمود، امریکی خاتون پر حملوں کے ملزم گرفتار کرلیے ہیں، ملزمان نے صفورافائرنگ، سبین محمودقتل، امریکی خاتون پرفائرنگ، رینجرز کے بریگیڈئیر پر خود کش حملے اسکول پر دھماکوں، بوہری کمیونٹی پر حملوں اورگلستان جوہر، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، لانڈھی میں پولیس اہلکاروں کو مارنے کا اعتراف کیا ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سبین محمود کے قتل کا ماسٹرمائنڈ سعد عزیز نامی شخص ہے، جو سرسید یونیورسٹی کا انجینئر ہے،ملزم حافظ ناصر نے ایم اے اسلامیات کیاہے، سعد عزیز ،حافظ ناصر اورالیاس جان نے دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے،ملزمان کا بہت بڑا گروپ ہے جس کے اراکین نام انہوں نے بتائے ہیں۔قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ اسماعیلی پر امن اور معصوم لوگ ہیں، ملزمان کو علم نہیں تھا کہ انہیں گرفتار کرلیا جائے گا، تین دن میں سندھ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا، سندھ پولیس کو شاباش پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے انکشاف کیا کہ ایک ملزم کے متعدد نام ہیں، جو دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث رہا ہے،اس ملزم کو بم بنانے اور استعمال کرنے میں مہارت حاصل ہے۔ملزمان کی گرفتاری پروزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کیلئے پانچ کروڑروپےانعام کا اعلان کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کو گرفتار کرنے والے افسران کو ترقی دی جائے گی،راجا عمر خطاب نے دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا، کاؤنٹر ٹیررازم سیل ہم نے قائم کیا،دہشت گردوں کو مختلف علاقوں سے پکڑا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قاتلوں کو بھی سندھ پولیس نے گرفتار کیا،شکار پور حملے پر پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے شکار پور سانحے کے ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان سے کلاشنکوف، دھماکا خیز مواد اور جہادی لٹریچر بھی برآمد ہوا ہے، پہلے پولیس کی تعریف کی جاتی تھی مگر صفورا حملے کے بعد تنقید کی گئی،صفورا واقعےکےبعدہمارے اورپولیس کےخلاف بہت کچھ کہاگیا، کراچی واقعے میں را کے ملوث ہونے کے بارے میں نہیں کہا تھا، بھارتی ایجنسی را کی سندھ میں کارروائیاں ہیں،اس کی بنیاد پرکہا کہ ملوث ہوسکتی ہے،کامیابی پروزیراعظم نوازشریف اورسابق صدر آصف زرداری نے بھی مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ گرفتارملزمان کی جے آئی ٹی کرائی جائے گی،ایک ہفتے کے اندر جے آئی ٹی کرکے اس کی تفصیلات بتائی جائیں گی۔

مزید خبریں :