27 مئی ، 2015
کراچی .......ایگزیکٹ کمپنی پرجعلسازی ،جعلی دستاویزات بنانے،منی لانڈرنگ،زرمبادلہ کی غیر قانونی ترسیل ،اکائونٹس میں گھپلوں سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے،کمپنی کے سی ای او شعیب شیخ کو ہتھکڑی لگا دی گئی۔ایگزیکٹ کمپنی پر درج مقدمہ میں الیکٹرانک سائبر کرائم سمیت کمپیوٹر مصنوعات کے غیر قانونی استعمال کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔کمپنی کیخلاف درج ایف آئی آر نمبر 7/2015میں دفعہ 420، 473،472،470،468اور474اے ،منی لانڈرنگ کی دفعات3 اور 4 ،الیکٹرانک سائبر کرائم کی دفعہ 36 اور 37 بھی شامل کی گئی ہیں۔ قانونی ماہرین کے مطابق یہ دفعات دھوکا دہی،جعلسازی اور جعلی دستاویزات بنانے کو ظاہر کرتی ہیں ،جس میں جعلسازی میں استعمال ہونے والی مشینیں اور مہریں برآمد ہوئیں۔ماہرین کا کہناہے کہ ان دفعات کے تحت نامزد ملزمان کو 35برس قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے جبکہ سائبر کرائم اور منی لانڈرنگ کی دفعات کے تحت 7،7سال قید سزا ہوسکتی ہے۔ادھر ایگزیکٹ کمپنی چیف ایگزیکٹو شعیب شیخ اور سی او وقاص عتیق کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نور محمد کی عدالت میں پیش کرنے کیلئےہتھکڑی لگادی گئی ہے،بعد ازاں انہیں ایف آئی اے دفتر سے سٹی کورٹ لے جایا گیا۔